Suno Do Hi LafZon Mein Muj Se Yeah Raaz

نظم
شریعت اور طریقت کیا ہے؟

Suno Do Hi LafZon Mein Muj Se Yeah Raaz

سنو دو ہی لفظوں میں مجھ سے یہ راز
شریعت وضو ہے، طریقت نماز

طریقت،شریعت کی تعمیل ہے
طریقت عبادت کی تکمیل ہے

شریعت بحکم و طریقت بدل
کہ معنی سے کر دے تجھے متصل

شریعت میں آثار راہ خدا
طریقت میں رفتار راہ خدا

طریقت،شریعت سے ہے صف بہ صف
وہ ہے موج دریا یہ دریا میں کف

شریعت سے ہے ظُلمت کفر دور
طریقت میں فطرت کا ظاہر ہے نور

شریعت کرے گی بصیرت کو صاف
طریقت میں حسب مذاق انکشاف

شریعت تو اک عام قانون ہے
طریقت کا اک خاص مضمون ہے

شریعت میں لازم اطاعت ہوئی
طریقت میں شرط ارادت ہوئی

شریعت تو ہے دیدۂ نور بیں
طریقت بنی روح کی دور پیں

شریعت ہے اک شمع محفل فروز
طریقت ہے اک شعلہ وہم سوز

شریعت ہے مِہرسپہر ہدیٰ
طریقت کا رُخ سوئے حُبّ خدا

شریعت ہے جان اور طریقت نشاط
شریعت ہے منزل طریقت رباط

شریعت میں ہے ناروجنت کا رنگ
طریقت میں ہے وصل و فرقت کا رنگ

شریعت کتابوں کی ہے متحمل
طریقت میں ہے درس الواحِ دل

شریعت طریقت میں تو کیوں الجھ
وہ قرآن ہے اور یہ اس کی سمجھ

سخن سنجیاں گو ہوں میری درست
مگر قول سعدی نہایت ہے چست

طریقت بجُزخدمتِ خلق نیست
بہ تسبیح وسجادہ و دُلق نیست

محال است سعدی کہ راہِ صفا
تواں رفت جز بر پئےمصطفےٰ

نہ ہو اہل اس کا تو کیا اس کی قدر
خداہی کی مرضی سے ہے شرح صدر

شریعت میں دین اور ایمان ہے
طریقت میں تسکیں اور ایقان ہے

عبادت سے عزت شریعت میں ہے
عبادت کی لذت طریقت میں ہے

شریعت میں تائید ضبطِ نفوس
طریقت میں ذوقِ با خلوص

طریقت قدم ہے شریعت ہے راہ
شریعت زباں ہے طریقت نگاہ

شریعت درِ محفل مصطفےٰ
طریقت عروج دلِ مصطفےٰ

شریعت میں ہے قیل و قال حبیب
طریقت میں محوِ جمال حبیب

شریعت میں ارشاد عہد الست
طریقت میں ہے یاد عہد الست

شریعت شکر ہے، طریقت زباں
کہ معنی کی لذت چکھے تیری جاں

اکبر الہٰ آبادی
Akbar Allahabadi

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

azkalam.com © 2019 | Privacy Policy | Cookies | DMCA Policy